نئی دہلی، 3؍اگست (ایس او نیوز؍ایجنسی) سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ انڈین پولیس سروس (آئی پی ایس) کے سینئر افسر راکیش استھانہ کی دہلی پولیس کمشنرکے طورپر تقرری کے خلاف دائر درخواست پر جمعرات یعنی پانچ اگست کوسماعت کرے گی۔
درخواست گزار نے مسٹراستھانہ کی تقرری معاملے میں وزیراعظم نریندرمودی، مرکزی وزیرداخلہ امت شاہ اوروزارت داخلہ کے افسران کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی کامطالبہ کیا ہے۔ درخواست گزار کاکہناہے کہ مسٹراستھانہ کودہلی کاپولیس کمشنر مقررکئے جانے کے معاملے میں عدالت عظمیٰ کی ہدایات کو نظرانداز کیا گیا ہے۔
واضح رہے راکیش استھانہ کو دہلی پولیس کا کمشنر جس وقت تقرر کیا گیا اس وقت ان کے ریٹائرمنٹ میں صرف چار روز باقی تھے اور وہ گجرات کیڈر کے تھے ۔ اس میں پہلے انہیں ایک سال کا ایکسٹینشن دیا گیا اور گجرات کیڈر سے ڈیپوٹیشن پر بھیجا گیا ۔ ان دونوں معاملوں کو لے کر حزب اختلاف نے بھی سوال کھڑے کئے ہیں۔